لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب پولیس کے کرپٹ آفیسرز اور اہلکاروں کا اسپیشل کورٹ مارشل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا . وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئی جی پنجاب نے امن امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی .
مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی،اے آئی جی، کمشنر ، سی سی پی او، آر پی او اور دیگر حکام نے شرکت کی . اجلاس میں آرگنائزڈ اور سائبر کرائم کے خاتمے کےلئے اسپیشل یونٹ قائم کرنےاور آئی ٹی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا . پولیس میں کرپشن اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی نشاندہی کے لئے اسپیشل آڈٹ سسٹم نافذ کرنے اور کرپٹ و مجرموں سے ساز باز کرنے والے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کا اسپیشل کورٹ مارشل کرنے کی بھی منظوری دی گئی .
پولیس کی طرف سے رشوت مانگنے پر سی ایم کے اسپیشل ڈیش بورڈ پر شکایت درج ہو سکے گی . اسمگلنگ روکنے کے لئے بارڈر سیکورٹی فورسز قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا .
ہر کرائم کے لئے فنکشنل اسپیشلائزڈ پولیس فورس قائم کرنے جبکہ عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں سزائے موت کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا .
مریم نواز نے پنجاب میں ناجائز اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی . انہوں نے کہا کہ سزا یقینی بنا کر جرائم میں کمی یقنی بنائی جاسکتی ہے . بچوں اور عورتوں سے زیادتی کے مقدمات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے . پولیس کو جدید اسلحہ گاڑیاں نائٹ ویژن اور ڈرون فراہم کرینگے .