چین کے تعاون سے پاکستان ریلوے کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چین کے تعاون سے پاکستان ریلوے کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ بھاری مالی نقصانات سے بچا جا سکے اور ریلوے کے انفراسٹرکچر میں گرین انرجی کی بنیاد رکھی جا سکے۔گوادر پرو کے مطابق ابتدائی طور پر ذیادہ بجلی کی کھپت والی 100 سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ایک بار شمسی توانائی پر منتقل ہونے کے بعد، اس ادارے کے لیے کم از کم ایک ارب روپے کی سالانہ بچت ہوگی۔سینئر پی آر حکام کے مطابق حکومت پاکستان اور چینی کمپنیاں ایک عملی ڈیل کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہیں۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اعلی معیار کی سبز اور پائیدار ترقی کے اپنے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو ہم آہنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق ایک اور پی آر اہلکار نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے اور پاکستان کے لوگوں کے لیے سماجی و اقتصادی فوائد لاتے ہوئے ترقی کو تیز کیا ہے۔ کاربن سے پاک عالمی معیشت کو فروغ دینے کے لیے چین کا عزم قابل تعریف ہے۔گوادر پرو کے مطابق حکام نے بتایا کہ ریلوے انتظامیہ نے نیسپاک کو منتخب سائٹوں پر سولر پینلز کی تنصیب کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کے لیے تفویض کیا ہے۔