بلوچستان بھر میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، نیشنل پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)طوفانی بارشوں نے بلیدہ سمیت بلوچستان بھر میں تباہی کی ہے حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت کے سیلابات سے نمٹنے کے اداروں کو فوری طور پر رلیف اقدامات کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینٹر جان محمد بلیدی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کھاکہ طوفانی بارشوں نے بلیدہ کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے کھڑی فصلات، سولر نظام اور بندات ملیا میٹ ہوگئے، گندم کی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ طوفانی ہواﺅں نے سولروں کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ لوگوں کے بندات اور ٹیوب ویلوں کو بھی شدید نقصان ہوا ہے لیکن تاحال پی ڈی ایم اے اور وفاقی ادارے حرکت میں نہیں آئے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارش سے بلوچستان کے تمام علاقوں میں فوری طور پر ریلیف کا سلسلہ شروع کیا جائے اور ضروری امداد فوری طور پر بلیدہ سمیت تمام علاقوں میں پہنچانے کا بندوبست کیا جائے۔ سینیٹر جان بلیدی نے کہا کہ بلیدہ اس وقت سیلابی ریلوں، بارش اور طوفانی ہواﺅں سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہورہا ہے کیونکہ تاحال بارشوں اور تیز ہواﺅں کا سلسلہ جاری ہے جس سے مزید نقصانات کا خدشہ موجود ہے۔