ورلڈکپ کوالیفائرز : جناح اسٹیڈیم میں فیفا معیار کے مطابق لائٹس لگا دی گئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ورلڈ کپ کوالیفائرز کے میچ کے لیے اسلام آباد کے اسٹیڈیم میں فیفا معیار کے مطابق لائٹس لگا دی گئیں۔
فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان بمقابلہ سعودی عرب کے میچ کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں لائٹس پر ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کو اپ ڈیٹ کردیا۔
پی ایف ایف نے اپنے خط میں کہا کہ اسلام آباد کے اسٹیڈیم میں فیفا معیار کے مطابق لائٹس لگا دی گئی ہیں۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایف سی نے پی ایف ایف سے لائٹس کے معیار کی تصدیقی دستاویزات مانگ لی ہیں، جس کے بعد پی ایف ایف نے تصدیقی دستاویزات کی فراہمی کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق دستاویزات کی فراہمی کے بعد اے ایف سی کا جائزہ وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز راؤنڈ ٹو میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میچ 6 جون کو اسلام آباد میں ہوگا۔