ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں دیمک کا کیا کردار ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موسم بہار شروع ہوتے ہیں بڑی تعداد میں دیمک باہر آرہے ہیں۔ اکثر لوگ ان کو نقصان دہ سمجھتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگوں میں اس بارے میں بہت کم معلومات ہیں۔ دیمک ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آزاد کشمیر یونیورسٹی کے چھتر کلاس کیمپس میں ڈیپارٹمنٹ آف زولوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ریاض عزیز ناصر کا کہنا ہے کہ
جہاں دیمک نقصان بھی دیتی ہیں لیکن اس کے فائدے بھی بہت زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دیمک مردہ پودوں کو تحلیل کرنے یا گلنے سڑنے میں مدد کرتا ہے اور دوبارہ مٹی میں غذائی اجزا کو ری سائیکل کرتا ہے۔ یہ عمل زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے اور پودوں کی نشوونما میں مدد کرتا ہے۔
اس کے علاوہ دیمک مختلف جانوروں کے لیے خوراک کا ذریعہ بھی ہیں جو ماحولیاتی نظام کے توازن کے لیے ضروری ہے۔ تاہم دیمک اس وقت کیڑے بھی ہو سکتے ہیں جب وہ عمارتوں کے ڈھانچے کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ لیکن قدرتی ماحول میں یہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے بہت اہم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ دیمک کی لگ بھگ 3 ہزار نسلیں ہیں لیکن ان میں سے صرف 10 فیصد ایسی ہیں جو پراپرٹی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اپریل سے جون تک یہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے ہیں جس کے لیے انہیں باہر آنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موسم بہار شروع ہونے سے پہلے ان کے انڈے ہیچ ہوتے ہیں اور نئے بچے پیدا ہوتے ہیں۔ جب ان کی تعداد ایک حد سے بڑھ جاتی ہے تو ان میں سے کچھ باہر نکل کر دوسری جگہ منتقل ہوتے ہیں۔ اس کے لیے ان کے پر پیدا ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب یہ باہر نکلتے ہیں تو ان میں سی بہت سارے پرندوں کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوں دیمک ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔