دہشتگردی کیخلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں ہے: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں ہے۔
سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت ہونے والے امن و امان سے متعلق اجلاس میں آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، چیف سیکریٹری شکیل قادر اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سانحۂ نوشکی کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا، کمشنر و ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نے سانحۂ نوشکی سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں نوشکی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مستقبل میں نوشکی جیسے واقعات روکنے کے لیے سیکیورٹی پلان ازسرنو بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن دشمنوں کے خلاف یہ جنگ ریاست کی جنگ ہے، یہ جنگ سیاستداں، سول آرمڈ فورسز، بیوروکریسی، عدلیہ اور میڈیا سب کو لڑنی ہے۔
سرفراز بگٹی نے سانحۂ نوشکی کے شہداء کے لواحقین کو 7 روز میں معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کی جنگ سیاسی ذمے داری اور مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ لڑیں گے۔