شہید بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے گڑھی خدا بخش آئے ہیں: شیری رحمٰن


گڑھی خدا بخش (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ آج شہید بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے گڑھی خدا بخش آئے ہیں۔ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ رمضان کے احترام میں 4 اپریل کو روایتی جلسہ نہیں کر سکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ملک کے خلاف سازش تھی، اعلیٰ عدالت نے شہید بھٹو کا قتل تمام قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔شیری رحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ قائدِ عوام اور ان کے خاندان کو انصاف کے حصول کے لیے 45 سال انتظار کرنا پڑا، شہید بھٹو پہلے ہی اپنے عوام اور کارکنان کی نظروں میں سرخرو تھے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے یہ بھی کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو قتل ہو کر بھی ہمارے دلوں میں زندہ رہے، آئینِ پاکستان اور جوہری پروگرام کے خالق شہید بھٹو کو قوم آج بھی یاد کرتی ہے۔