احسان اللہ کہنی کی تکلیف کی تشخیص کیلئے انگلینڈ روانہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ خان کہنی کی تکلیف کی تشخیص کیلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر مانچسٹر پہنچ گئے ہیں، پیر کے روز معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ایڈم واٹس انکا معائنہ کریں گے۔
سرجن پروفیسر ایڈم واٹس اسپورٹس انجریز (ہاتھ، کلائی کی سرجری، کندھے اور کہنی) میں مہارت رکھتے ہیں۔ملتان سلطانز کی فرنچائز نے احسان اللہ کے ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ کے سلسلے میں بورڈ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ احسان اللہ خان کے علاج اور ری ہیب کے تمام اخراجات برداشت کرے گا۔ واضح رہے کہ پروفیسر واٹس کے معائنے کے بعد بورڈ نوجوان فاسٹ بولر کی انجری سے متعلق آگاہ کرے گا۔