پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں: مریم نواز
لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہترکارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، زرمبادلہ ذخائرمیں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں۔اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ نوازشریف کی رہنمائی میں پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ اور مہنگائی کم ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، آئی ایم ایف، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک، بڑےعالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مریم کا کہنا تھاکہ پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں، آئندہ سال مہنگائی کی شرح کم ہوکر 12.2 فیصد ہونے کا امکان ہے، پہلی بار 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی اور آٹے کی قیمت میں مارکیٹ انڈیکیٹرز کے مطابق مزید 300 روپے کمی متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اکنامک اینڈ سوشل سروے آف ایشیا اینڈ پیسفک ریجن نےپاکستانی معاشی اشاریوں کوبہترین قراردیا ہے، پاکستان میں رواں اور آئندہ سال کے دوران ترقی کی شرح 2 فیصد سے 2.3 فیصد تک بڑھے گی۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ اپنا موجودہ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا، معیشت بہترکارکردگی کامظاہرہ کررہی ہے، زرمبادلہ ذخائرمیں اضافہ ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ نئے اقتصادی پروگرام سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ پاکستان کی عوام کو اپنے وزیراعظم شہبازشریف پر مکمل اعتماد ہے۔