وہ ممالک جن کی شہریت پیسے دے کر خریدی جا سکتی ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معاشی عدم استحکام، بدامنی اور روزگار کے مواقع نہ ہونے کے سبب بیشتر پاکستانی نوجوان کسی دوسرے ملک میں نوکری یا کاروبار کے لیے منتقل ہونا چاہتے ہیں۔ پاکستان چھوڑ کر جانے والوں کی اولین ترجیح یورپ، امریکا اور کینیڈا سمیت مغربی ممالک ہوتے ہیں۔
بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد تعلیمی ویزا یا نوکری حاصل کرکے مطلوبہ ملک کا سفر کرتے ہیں جہاں کئی برسوں پر محیط پروسیجر کے بعد انہیں دوسرا پاسپورٹ نصیب ہوتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں بہت سے ممالک ایسے بھی ہیں جن کا پاسپورٹ آپ پیسے دے کر بھی خرید سکتے ہیں۔
اگرچہ زیادہ تر ممالک ایسے لوگوں کو سرمایہ کاری کے ذریعے شہریت کی پیشکش کرتے ہیں جو مقامی شعبوں میں جدت لا کر وہاں کے لوگوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کریں۔ تاہم کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جو سرکاری خزانے میں مخصوص رقم جمع کرانے، رئیل اسٹیٹ یا سیکیورٹی بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو پاسپورٹ جاری کرتے ہیں۔
سینٹ لوسیا:
محض ایک لاکھ ڈالر(2 کروڑ 77 لاکھ روپے) کا چندہ دے کر اگر آپ کسی ملک کی شہریت خرید سکتے ہیں تو وہ کیریبین جزائز میں سے ایک ملک سینٹ لوسیا ہے۔ نیشنل اکنامک فنڈ میں ایک لاکھ ڈالر کا فنڈ دے کر آپ 4 سے 6 مہینے میں پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں جس پر 150 کے لگ بھگ ممالک میں بغیر ویزا سفر کیا جا سکتا ہے جن میں یورپی یونین، برطانیہ، ہانگ کانگ اور سنگاپور شامل ہیں۔ اس کا شمار 33ویں طاقتور ترین پاسپورٹ رکھنے والے ملک کے طور پر ہوتا ہے اور خوبصورت قدرتی مناظر کے باعث سیاحت ملکی معیشت کا سب سے اہم شعبہ ہے۔
سینٹ کیٹز اور ناویس:
یہاں کے تازہ قوانین کے مطابق اڑھائی لاکھ ڈالرز کا فنڈ یا رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 4 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے آپ پاسپورٹ خرید سکتے ہیں۔ اس سے قبل تو آپ اپنے ملک میں گھر بیٹھے ہوئے ہی یہاں کا پاسپورٹ حاصل کر سکتے تھے لیکن اب اس کے لیے سینٹ کیٹز اور ناویس یا اس کے قونصل خانے کا وزٹ کرنا ضروری ہے۔ اس کا پاسپورٹ دنیا میں 26ویں نمبر پر ہے اور اس کے ذریعے آپ روس، برطانیہ، یورپی یونین سمیت 158 ملکوں میں بغیر ویزے کے سفر کر سکتے ہیں۔
سال 2022 کے اعدادوشمار کے مطابق اس ملک کی آبادی 50 ہزار سے کچھ کم ہے اور کیریبین جزائر پر مشتمل اس ریاست کا کل رقبہ محض 261 اسکوائر کلومیٹر ہے۔
اینٹیگوا ور باربوڈا:
اس کیریبین ملک کے نیشنل ڈویلپمنٹ فنڈ میں ایک لاکھ ڈالر کے چندے سے آپ کو نہ صرف یہاں کا پاسپورٹ مل سکتا ہے بلکہ اتنی ہی رقم کے بدلے 4 افراد کی فیملی بھی ساتھ میں پاسپورٹ حاصل کرسکتی ہے۔ علاوہ ازیں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں کم از کم 5 سال کے لیے 4 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری سے بھی یہاں کی شہریت مل سکتی ہے۔ یہاں کا پاسپورٹ 3 سے 6 ماہ میں آپ کو مل سکتا ہے جس پر آپ یورپی یونین، برطانیہ، روس، چین، کینیڈا سمیت 140 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔
گریناڈا:
کیریبین جزائر پر مشتمل اس ملک کی شہریت تقریباً ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کا فنڈ دے کر خریدی جا سکتی ہے۔ اس کا پاسپورٹ بھی نہایت طاقتور شمار ہوتا ہے جس کے ذریعے یورپی یونین، برطانیہ، چین، سنگاپور، روس سمیت تقریباً 140 ممالک میں بغیر ویزا لیے سفر کیا جاسکتا ہے۔
ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں اس کی کل آبادی ایک لاکھ 25 ہزار تھی اور ملکی معیشت کا بڑا دارومدار یہاں بھی سیاحت پر ہے۔
ڈومینیکا:
کیریببین جزائر میں سے ایک جزیرے پر مشتمل اس ملک کا کل رقبہ 290 مربع میل اور آبادی 73 ہزار تک ہے۔ اگر آپ یہاں کی شہریت لینا چاہیں تو ایک لاکھ روپے کا چندہ یا رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 2 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری سے بھی یہ کام ہوسکتا ہے۔ اس کے پاسپورٹ پر یورپی یونین، روس، چین، آسٹریا سمیت 145 ممالک میں بغیر ویزا حاصل کیے سفر کیا جا سکتا ہے۔
گھنے جنگلات، سرسبز پہاڑ اور ان گنت آبشاروں کے سبب اسے ‘دی نیچر آئی لینڈ’ کا بھی نام دیا جاتا ہے جس کی معیشت کا زیادہ انحصار سیاحت اور زراعت پر ہے۔
مالٹا:
یہ یورپی یونین کا واحد ملک ہے جو سرمایہ کاری کے ذریعے شہریت حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے، مگر اس کی شرائط اور سرمایہ کاری کے لیے درکار رقم کیریبین جزائر سے کہیں زیادہ ہیں۔ مالٹا کے قوانین کے مطابق کوئی شخص یہاں کم از کم 12 ماہ قیام کرتے ہوئے نیشنل ڈویلپمنٹ اور سوشل فنڈ میں اگر ساڑھے 7 لاکھ یورو چندہ دے تو وہ شہریت کے لیے اہل قرار پائے گا۔ اگر آپ اس رقم میں کچھ کمی کرنا چاہیں تو پھر آپ کو یہاں قیام کی مدت 12 ماہ سے بڑھا کر 3 سال کرنا ہوگی اور ڈویلپمنٹ اور سوشل فنڈ میں 6 لاکھ یورو ادا کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس رقم کے علاوہ آپ کو وہاں 5 برس کے لیے 7 لاکھ یورو مالیت کی رہائشی پراپرٹی بھی خریدنا ہوگی۔ چاروں طرف سے سمندر میں گھرے جزیروں پر مشتمل یہ ملک جغرافیائی اعتبار سے افریقی ملک تیونس اور یورپ میں اٹلی کے قریب ہے، 2004 میں اس نے یورپی یونین کی رکنیت حاصل کی تھی۔
ترکیہ:
یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ترکیہ کا پاسپورٹ عالمی رینکنگ میں 53 نمبر پر ہے۔ اور اس پاسپورٹ کے حامل افراد 118 ممالک کا سفر بغیر ویزا حاصل کیے کرسکتے ہیں، جن میں جاپان، روس، ہانگ کانگ، سنگاپور، جنوبی کوریا، برازیل، قطر، تھائی لینڈ اور یوکرائن وغیرہ شامل ہیں۔
ترکیہ کا پاسپورٹ کم از کم 4 لاکھ ڈالر(11 کروڑ 10 لاکھ پاکستانی روپے) کی سرمایہ کاری کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے، جسے 3 سال تک رکھنے کے بعد آپ واپس بھی نکال سکتے ہیں۔