کراچی میں 17 اور 18 اپریل کو موسلادھار بارش کی پیشگوئی


کراچی(قدرت روزنامہ) شہر قائد میں 17 اور 18 اپریل کو درمیانی و موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 16 اپریل کی رات کو جنوب مغربی بلوچستان میں داخل ہوگا جس میں کراچی سمیت صوبہ سندھ میں بارش ہوسکتی ہے۔
ہواؤں کا یہ سلسلہ 17اپریل کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پھیل جائے گا اور 18 اپریل کو ہواؤں کا یہ سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا۔ کراچی میں 17 اپریل کی رات اور 18 اپریل کو گرچ چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اسکے علاوہ، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، سکھر، خیرپور، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو، دادو، نوشہروفیروز، سانگھڑ، مٹیاری، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، میرپور خاص، ٹھٹہ، عمرکوٹ اور بدین کے اضلاع میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 کی رات سے 19اپریل کے درمیان گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، لسبیلہ، خضدار، قلات،نوشکی، مستونگ، نصیرآباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، لورالائی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، شیران اور ژوب میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہوگی۔
اسی طرح، 17 سے 21اپریل کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوگی جبکہ گلگت بلتستان/کشمیر میں 18 سے 21 اپریل کے دوران موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ واضح رہے کہ مغربی سلسلے کے تحت گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں درمیانی اور کہیں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔