پختونخوا؛ جے یو آئی کو مخصوص نشست دینے کیخلاف ن لیگ کا عدالت سے رجوع
پشاور(قدرت روزنامہ) جمعیت علمائے اسلام کو مخصوس نشست دینے کے خلاف ن لیگ کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جے یو آئی کو اقلیتی نشست دینے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں الیکشن کمیشن ، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور جے یو آئی ف کے اقلیتی رکن گورپال سنگھ کو فریق بنایا گیا ہے ۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 مارچ کو اقلیتی نشست پر گورپال سنگھ کے نام کا اعلامیہ جاری کیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ ن کی 7 مخصوص نشستیں بنتی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے 7 کے بجائے 6 نشستیں دیں۔ الیکشن کمیشن نے آئین ، الیکشن ایکٹ اور رولز کے خلاف درخواست گزار پارٹی کو ایک نشست کم دی۔
مسلم لیگ ن کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں مخصوص نشستوں کے لیے فارمولا طے ہے۔ الیکشن کمیشن نے فارمولے کے برعکس درخواست گزار پارٹی کو ایک اقلیتی نشست سے محروم کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ۔ عدالت الیکشن کمیشن کے اعلامیے کو کالعدم قرار دے اور اس درخواست پر حتمی فیصلے تک اسپیکر اسمبلی کو گورپال سنکھ سے حلف لینے سے روکے۔