دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے غازی اہلکار ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں‘انسپکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)انسپکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے غازی اہلکار ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی بہترین ویلفیئر، علاج معالجے اور جلد از جلد بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ عبدالخالق شیخ نے کہاکہ فیلڈ میں فرائض سر انجام دینے والے افسران وا ہلکار فرنٹ لائن سولجر ہیں جنہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔
انہوں نے کہاکہ ایسے فرض شناس اور بہادر افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات میں کمی نہیں آئے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سی ایم ایچ کے دورے کے موقع پر زخمی پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل احمد خان ،کانسٹیبل سرفراز احمد کی عیادت کے موقع پر کیا۔ جنیں قلات میں ڈیوٹی کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے ۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے زیر علاج اے ٹی ایف اہلکاروں کی عیادت کی،جلد صحت یابی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے طبی ماہرین سے اہلکاروں کے علاج معالجے کی تفصیلات معلوم کیں اور زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔