کراچی: چاند رات پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی بزرگ آج دم توڑ گئے
کراچی(قدرت روزنامہ) چاند رات پر سائٹ سپرہائی وے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی بزرگ 6 روز بعد دوران علاج دم توڑ گئے، رواں سال شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 62 ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق 9 اپریل کو سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے بزرگ شہری 60 سالہ وسیم الرحمان کو زخمی کردیا تھا جو چھ روز تک اسپتال میں موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہے اور پیر کی صبح اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔
مقتول وسیم الرحمان گلشن معمار سیکٹر وائے تھری کے رہائشی تھے، مقتول چاند رات کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ شاپنگ پر وایس اپنے گھر گلشن معمار سیکٹر وائے تھری جا رہے تھے کہ سائٹ سپرہائ یوے صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو روکنے کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کردی۔
نتیجے میں گاڑی میں سوار وسیم الرحمان کمر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں اہلیہ کی مدد سے عباسی شہید اسہپتال اور بعد ازاں اسٹیڈیم پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی وسیم الرحمان 6 روز تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج رہے اور پیر کی علی الصباح دم توڑ گئے۔ واضح رہے کہ رواں سال شہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔