نورا فتحی نے بالی ووڈ کے شادی شدہ جوڑوں کے راز کھول دیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں بیشتر لوگ ایک دوسرے سے محبت کیے بغیر صرف اس لیے شادی کرتے ہیں کیونکہ وہ فلم انڈسٹری سے جڑے رہنا چاہتے ہیں۔
ایک پوڈ کاسٹ پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کینیڈین نژاد مراکشی بالی وڈ رقاصہ و اداکارہ نورا فتحی نے کہا، ’بالی ووڈ کے لوگ ایک دوسرے کی مقبولیت اور شہرت کو استعمال کرتے ہیں مگر میں ان لوگوں سے ملتی ہوں اور نہ ان سے ڈیٹ کرتی ہوں، یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ مجھے اس مقصد کے لیے استعمال نہیں کرسکتے۔‘
نورا فتحی کے مطابق، بالی ووڈ کے فنکار اپنے جیون ساتھیوں کو نیٹ ورکنگ، دولت اور انڈسٹری میں رہنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اداکارہ نے الزام لگایا کہ انڈین فلم انڈسٹری میں لوگ ساتھی ایکٹرز سے اس لیے شادی کرتے ہیں کہ وہ ایک مخصوص عرصہ تک انڈسٹری میں رہ سکیں کیونکہ ان کے شوہر یا بیوی کی چند فلمیں ریلیز ہورہی ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے یہ مرد و خواتین پیسے، شہرت اور طاقت کے لیے اپنی پوری زندگی برباد کرلیتے ہیں، بالی ووڈ میں بیشتر لوگ ایسا ہی کر رہے ہیں۔ نورا فتحی کا کہنا تھا، ’اس سے برا اور کیا ہوسکتا ہے کہ آپ کسی ایسے فرد کے ساتھ شادی کریں جس سے آپ کو محبت نہ ہو اور اس کے ساتھ کئی سال تک زندگی بھی گزاریں۔‘
واضح رہے کہ نورا فتحی اس سے قبل بھی انکشاف کرچکی ہیں کہ ماضی میں انہیں شہرت کمانے کے لیے مخصوص لوگوں کے ساتھ ڈیٹ کرنے کے مشورے دیے جاتے رہے مگر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی ان لوگوں کی باتوں پر عمل نہیں کیا اور اپنی مرضی کے مطابق ہر قدم اٹھایا۔ اداکارہ بھارت میں اپنے ابتدائی دنوں کو تکلیف دہ بھی قرار دے چکی ہیں۔
خیال رہے کہ نورا فتحی نے 2014 میں بھارت میں ماڈلنگ، اداکاری و ڈانس کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ ہندی سمیت ملایلم، تیلگو اور تامل فلموں میں مختصر کرداروں سمیت ان میں آئٹم گانے کر چکی ہیں۔