وزیر اعظم شہباز شریف کی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد آمد ہوئی، جہاں وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف سیاسی و معاشی پہلوؤں پر گفتگو کی، اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وفد کی وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
وفد میں سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری انجینئیر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینیئر عبد الرحمن بن عبد المحسن الفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبد اللہ الخریف اور اعلیٰ سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جسکی نظیر نہیں ملتی۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔’دورہ، پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے، پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔
وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحال آل سعود نے پاک سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اسکے کے فروغ کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

واضح رہے سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شامل تھے۔