کور کمانڈرز کانفرنس کا مسلح افواج کے خلاف منفی پروپیگنڈا پر سخت کارروائی پر اتفاق


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) کور کمانڈرز کانفرنس نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات کا مقصد فوج اور عوام میں دراڑ ڈالنا ہے ایسے عناصر کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت 264ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شرکاء نے ملک میں امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے انسدادِ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران دہشت گردانہ حملوں کو کامیابی سے ناکام بنانے اور اہم دہشت گرد سرغنہ کو جہنم واصل کرنے میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ شرکاء نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی، شرکا کو بریف کیا گیا کہ کس طرح افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
شرکا کو بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے شرکا نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کور کمانڈرز نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کو کم نہ کیا تو ایک وسیع علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے۔
فورم نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات ایک وطیرہ بن چکا ہے، ان بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے اور ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اِس کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کور کمانڈرز نے ملک میں پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ کور کمانڈرز نے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول میں ”غیر قانونی اسپیکٹرم، بالخصوص اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری اور تمام غیر قانونی تارکین کی محفوظ وطن واپسی کے خلاف بھرپور تعاون فراہم کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔
آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی کہ آپریشنل تیاری اور مورال کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔

Recent Posts

نواز شریف ہی ملک میں یکجہتی لاسکتے اور مسائل سے نکال سکتے ہیں: وزیر اعظم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں قوم کے…

6 mins ago

فوربز کی ’30 انڈر 30 ایشیا‘ کی فہرست میں 7 پاکستانی نوجوان شامل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی بزنس میگزین فوربز کی ’30 انڈر 30 ایشیا‘ کی فہرست میں…

15 mins ago

پاکستان میں آئندہ مالی سال مہنگائی کی شرح کم ہو کر 15 فیصد ہونے کا امکان ہے: ورلڈ بینک

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی بینک کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی…

27 mins ago

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب نے ‘نواز شریف آئی ٹی سٹی’ کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پہلے آئی ٹی سٹی…

34 mins ago

1973کا آئین نہیں مانا گیا تو ہم نئے معاہدے کی بات کریں گے، ڈاکٹر مالک بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے…

55 mins ago

ہم بلوچستان کی معدنیات کے مالک ہیں، کسی کو بیچنے نہیں دیں گے، عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہاہے کہ پاکستان کوبچاناہے…

58 mins ago