بلوچستان: تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، درجن سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوگیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کلدان کی سب تحصیل سنٹسر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث درجن سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق دالبندین میں رات گئے سے جاری بارش سے کھڑی فصلوں میں پانی جمع ہوگیا، اس کے علاوہ پاک افغان سرحدی علاقے میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
بارشوں اور سیلاب سے ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ 5 روز سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔
گوادر سٹی سمیت گردونواح میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا ہے جس کے باعث گوادر میں نجی اسکولوں نے چھٹی کا اعلان کردیا۔
کراچی میں رات سے بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ کے کچھ اضلاع میں مطلع ابر آلود جبکہ رات سے کراچی، حیدرآباد، سانگھر، پڈعیدن، دادو، لاڑکانہ،جیکب آباد، خیرپور، مٹھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محمکہ موسمیات نے بتایا کہ آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، اسلام آباد، مری، گلیات اورگردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ کل سے پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالا، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی اور ڈیرہ غازی خان، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں تغیانی کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں، موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی گرنے کی توقع ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت دی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے شہری محفوظ مقامات پر رہیں۔
اس کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہے گا۔