شوبز انڈسٹری سے دوری، دیپیکا پڈوکون کی نئی مصروفیات کیا ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی خوبرو جوڑی اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون آئندہ ستمبر میں اپنے پہلے بچے کو خوش آمدید کہنے والے ہیں۔ فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے بالی ووڈ کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ دیپیکا پڈوکون ان دنوں فلمی دنیا سے دور ’میٹرنٹی لِیو‘ پر ہیں۔
شوبز انڈسٹری سے بریک لینے کے بعد اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ فلمی دنیا سے بریک لینے کے بعد فارغ اوقات میں کیا کرتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپڑے پر ڈیزائن پہلے سے پرنٹ ہے جس پر گلاب کے پھول اور پتے بنے ہوئے ہیں جس پر اداکارہ سرخ اور سبز دھاگے سے کڑھائی کر رہی ہیں۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں دیپیکا پڈوکون نے لکھا، امید ہے کہ مکمل تیار کرنے کے بعد اس کی آخری شکل بھی آپ سب کو دکھا سکوں گی۔
اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کسی نے ان کے کڑھائی کے کام کو سراہا تو کوئی ان کی نئی تصاویر کا بے چینی سے انتظار کرتا نظر آیا۔ صارفین نے اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور ان کے آنے والے ننھے مہمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے سال 2018 میں اٹلی میں شادی کی تھی اور بچے کی متوقع آمد کا اعلان 29 فروری کو سوشل میڈیا پر کیا تھا۔