جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز پر گرفتار گیپکو افسران کا جسمانی ریمانڈ منظور
گوجرانوالہ(قدرت روزنامہ) عدالت نے جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز کرنے کے الزام میں گرفتار گیپکو افسران کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے گرفتار افسران اور ملازمین کو عدالت میں پیش کر دیا ، جہاں عدالت نے ملزمان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ گیپکو کے 20 افسران اور ملازمین کو گزشتہ رات ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا ۔ گیپکو افسران اور ملازمین کیخلاف ایف آئی اے نے جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز کرنے پر مقدمہ درج کروایا تھا۔
گرفتار ملزمان میں 5 ریونیو آفیسرز، اسسٹنٹ منیجر اور ایڈیشنل منیجرز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ملزمان میں 6 ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسرز اور 5 کمرشل اسسٹنٹ اور ملازمین بھی شامل ہیں۔