بلوچستان
گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، سڑکیں بہہ گئیں
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور تیز ہواوٴں کا سلسلہ داخل ہوگیا، گزشتہ رات سے گوادر ،پسنی، جیونی اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے۔ بارشوں کے سبب گوادر کے مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ پانی رہائشی گھروں کے اندر داخل ہوگیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد سڑکیں بہہ گئیں۔
متاثرہ علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے اور دکانیں و دفاتر بند کردیے گئے جس سے کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ بلوچستان محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔ پہلے مرحلے میں فوری طور پر گھروں کے اندر سے پانی نکالنے کا عمل کیا جارہا ہے۔