’کنگال خیبر پختونخوا میں عیاشیوں کے نئے ریکارڈ‘ مشال یوسفزئی کے لیے 1 کروڑ 71 لاکھ کی گاڑی خریدنے کی سمری، صارفین کی تنقید


پشاور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خاتون مشیر اور سیکرٹری سماجی بہبود کو اس وقت سوشل میڈیا شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ان کے لیے 1 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گاڑی خریدنے کی سمری تیار کی گئی ہے۔ یہ خبر آنے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کو صارفین کی جانب سے شدید رد عمل کا سامنا ہے۔
مقدس فاروق اعوان نے کہا کہ مشال یوسفزئی کے لیے 1 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گاڑی خریدی جائے گی، پی ٹی آئی مریم نواز پر تو بہت تنقید کرتی تھی اب خود بھی وہی سب کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ خبر درست ہے تو اس فیصلے کو عوامی مفاد میں واپس لے لینا چاہیے کیونکہ عمران خان کو یہ چیزیں پسند نہیں ہیں۔
سابق ایم پی اے سنتوش کمار بگٹی لکھتے ہیں کہ پہلے تو مشال یوسفزئی کو سرکاری عہدے سے نوازا اور اس نے خود اپنے لیے ایک کروڑ 71 لاکھ روپے، اور اپنے سیکرٹری کے لیے 70 لاکھ روپے سے زیادہ کی گاڑیاں مانگ لیں، اور سمری بھی تیار کرکے بھیج دی۔شمع جونیجو نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کنگال خیبر پختونخوا میں عیاشیوں کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں اب مشال یوسفزئی کے لیے پونے 2 کروڑ کی گاڑی خریدی جائےگی۔
جہاں کئی صارفین خیبر پختونخوا حکومت اور مشال یوسنفزئی پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں پی ٹی آئی کے حامی سارفین کا کہنا ہے کہ یہ نوٹیفیکشن جعلی ہے، پی ٹی آئی کے ایک ایکٹوسٹ نے لکھا کہ میری ابھی خیبرپختونخوا کے مشیر مالیات مزمل اسلم سے بات ہوئی ہے ان کا کہنا تھا کہ میں کسی کو چائے کی نئی پیالی نہیں خریدنے دیتا تو یہ کس نئی گاڑی کی بات کررہے ہیں۔ ان سے کہیں کہ وہ کاغذات دکھا دیں جس میں گاڑی خریدنے کی سمری ہو۔