’یہ سرکاری خرچ پر چین جا کر لگائی جانے والی لکیریں ہیں‘ حنا پرویز بٹ پر صارفین کی تنقید


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ اپنی چند تصاویر سماجی رابطے کی سائیٹ ایکس پر شیئر کیں اور ساتھ لکھا ’چین میں ایک میٹنگ کے دوران‘ جس پر صارفین کی جانب سے ان کا مذاق اڑایا اور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ان میں کچھ تصاویر ایسی تھیں جس میں حنا پرویز نے ہاتھ میں پنسل تھامے تاثر دینے کی کوشش کی کہ وہ اجلاس کے دوران اہم نکات نوٹ کررہی ہیں جبکہ وہ کاغذ پر پینسل سے لائںیں بنانے میں مصروف تھیں۔
حنا پرویز بٹ کی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے صحافی احتشام الحق نے طنزاً لکھا کہ بہت اہم میٹنگ چل رہی ہے اللہ پاکستان کو کامیاب کریں۔
عبدالمعیز جعفری لکھتے ہیں کہ حنا پرویز بٹ کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ وہ چینی حکام کو یہ سمجھانے کی کوشش کررہی ہیں کہ ڈالر اور روپے کے درمیان فرق کیا ہے۔
ایک صارف نے حنا پرویز بٹ کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اتنی اہم میٹنگ کی حکمت عملی کاغذ پر بنا لی ہے۔
فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد چوہدری نے تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ سمجھ بھی آ رہی ہے یا ٹک ٹاک ہی بن رہی ہے؟
صحافی عمران ریاض خان لکھتے ہیں کہ یہ سرکاری خرچ پر چین جا کر لگائی جانے والی لکیریں ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ تجربہ کرنے والوں کو مبارکباد۔
ایک ایکس صارف نے کہا کہ یہ صفحے پر لائنیں لگاتے ہوئے اداکاری کر رہی ہیں کہ وہ نوٹس لکھ رہی ہیں، انہوں نے انتخابات چوری کرکے ایسی کٹھ پتلیوں کو مسلط کیا جو اپنے غیر ملکی دوروں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ برباد کررہے ہیں، ان کا حساب کون لے گا؟