لارنس بشنوئی نے کتنے لاکھ میں سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کروائی؟
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے لیے ملزمان سے 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔
سلمان خان فائرنگ کیس میں ملوث ایک اور مشتبہ شخص کو 17 اپریل کی رات ہریانہ سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، اس شخص نے لارنس بشنوئی گینگ اور شوٹرز کے درمیان رابطہ کار کے طور پر کام کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان وکی گپتا اور ساگر سے تفتیش جاری ہے، دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ لارنس بشنوئی گینگ نے اُنہیں فائرنگ کے بدلے بھارتی چار لاکھ روپے کی پیشکش کی تھی۔
ملزمان نے بتایا کہ اس رقم میں سے ایک لاکھ روپے فائرنگ سے قبل بطورِ ایڈوانس دیے گئے تھے جبکہ تین لاکھ روپے اس کام کو سرانجام دینے کے بعد ملنے تھے۔
دونوں ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ فائرنگ کا مقصد سلمان خان کو قتل کرنا نہیں تھا بلکہ اداکار اور اُن کے اہلخانہ کو ڈرانا تھا۔
واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔
بعدازاں ممبئی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، پولیس کے مطابق سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے وکی صاحب گپتا اور ساگر کو ریاست گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا گیا تھا، دونوں ملزمان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے۔