’اللہ کے بعد شریف فیملی پر بھروسہ ہے‘ عمر اکمل کے بیان پر صارفین کی تنقید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل کا کہنا ہے’ اللہ کے بعد مجھے شریف خاندان پر بھروسہ ہے‘۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل نے شکوہ کیا کہ کافی عرصے سے انہیں کرکٹ نہیں کھیلنے دی جارہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جو بڑے بیٹھے ہیں وہ ان سے پرسنل ہورہے ہیں، انہوں نے اپنی پرفارمنس دکھائی اور درخواست کی کہ وہ انہیں موقع دیں۔
انہوں نے مزید کہا’ میں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صاحبہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ہمیشہ وقت دیا۔ اللہ کے بعد مجھے شریف خاندان پر بھروسہ ہے کہ وہ میرے مسائل جلد حل کریں گے، انشااللہ اگر موقع ملا تو انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کروں گا‘۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ واحد کرکٹر ہے جو لندن تک شریف خاندان سے درخواست کرنے گیا مگر ابھی تک کچھ حاصل نہیں ہوا۔
ایک ایکس صارف نے کہا کہ عمر اکمل کو بھی سرکاری نوکری چاہیے۔
عادل حسین سواتی نے طنزاً لکھا کہ عمر اکمل کو شاید کسی نے بتایا نہیں، انہیں نواز شریف نہیں بلکہ محسن نقوی کا نام لینا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں عمر اکمل سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملنے لندن گئے تھے، جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’کم بیک کی کوشش کررہا ہوں، نواز شریف سے ایک درخواست کی ہے امید ہے وہ جلد قبول ہوجائے گی‘۔