پنجاب

‏جیل حکام کا بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ شوکت خانم سے کروانے سے انکار


لاہور (قدرت روزنامہ)جیل حکام نے بشریٰ بی بی کی انڈوسکوپی پرائیوٹ لیب سے کروانے سے انکار کردیا، ذرائع کے مطابق جیل حکام نے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ شوکت خانم سے کروانے سے انکار کیا ہے۔جیل حکام کے انکار کے بعد ان سے درخواست کی گئی کہ شفا اسپتال سے ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی جائے۔ جبکہ جیل حکام سرکاری اسپتال سے ٹیسٹ کرنے پر اصرار کرتے رہے۔
اس دوران بشریٰ بی بی کی ٹیم نے کہا کہ ہمیں سرکاری اسپتالوں کی رپورٹس پر اعتبار ہی نہیں ہے۔ آپ کسی بھی پرائیوٹ لیب سے کروادیں جس پر جیل حکام نے ٹیسٹ کروانے سے ہی انکار کردیا ہے۔واضح رہے گزشتہ کئی دنوں سے بشریٰ بی بی اور ان کی ٹیم ٹیسٹ کروانے کے لیے جیل حکام سے اجزات طلب کررہے ہیں لیکن اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بحال کردی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پٹیشن بحالی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پٹیشن بحالی کی متفرق درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر حتمی دلائل طلب کر لیے، بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت 22 اپریل کو ہوگی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 دن پہلے عدم پیروی پر درخواست خارج کردی تھی۔ بشریٰ بی بی کے وکلا نے اسی روز پٹیشن بحال کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی۔

متعلقہ خبریں