وڈھ پر لشکر کشی کرنے والے فارم 47 کی پیداوار خود کو دودھ کا دھلا ثابت کررہے ہیں، جھالاوان عوامی پینل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جھالاوان عوامی پینل کے رہنماءمیر ندیم الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ 21 اپریل کو وڈھ میں ضمنی انتخاب کے موقع پر غیر جانبدار آر او، ڈی آراو اور دیگر عملے کی تعیناتی خوش آئند جس کی وجہ سے مخالف قوم پرست جماعت کو اپنی شکست دکھائی دے رہی ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کررہے ہیں 21 اپریل کا سورج ان کی شکست کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔ ندیم الرحمن بلوچ نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں قوم پرست پارٹی اپنی شکست کو دیکھ کر گھبراگئے ہیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کررہے ہیں تخت وڈھ کو بچانے کے لئے قلات، کوئٹہ کی قومی اسمبلی کی نشستیں قربان کرکے زرداری اور جمعیت علماءاسلام سے ڈیل کی ہے جو ان کی ناکامی مقدر بنے گی۔ 8 فروری کے انتخابات میں وڈھ میں بدترین دھاندلی کی گئی اپنی مرضی کے ڈی آر او، آر او اور پولنگزپر اپنے منظور نظر لوگوں کو تعینات کیا گیا جس کے خلاف ہم نے احتجاج اور میڈیا کے توسط سے آواز بلند کی ۔ مخالفین اپنے آپ کو دودھ کا دھلا ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرکے فارم 47 کا واویلا کررہے ہیں حالانکہ وہ خود فارم 47 کی پیداوار ہیں اب پروپیگنڈہ مزید چلنے نہیں دیں گے۔ عوامی تائید سے محروم لوگوں نے وڈھ پر لشکر کشی کی لیکن انہیں کچھ ہاتھ نہیں آیا اب علاقے کے لوگ ان سے متنفر ہوچکے ہیں اس لئے جھالاوان عوامی پینل میں جوق در جوق شامل ہورہے ہیں 21 فروری کا سورج میر شفیق الرحمن مینگل کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ وڈھ میں غیر جانبدار ڈی آر او، آروز و دیگر عملے کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔