کراچی: غیرملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب ’خودکش‘ دھماکا، 2 افراد ہلاک
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ گاڑی پر خودکش حملہ ہوا ہے، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے واقعہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کرکے واقعے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے قریب 5 جاپانی شہری ہائی روف میں سفر کر رہے تھے، دھماکے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔
آئی جی سندھ نے دھماکے کو خود کش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’خود کش حملہ جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب ہوا، دھماکے کے وقت فائرنگ بھی کی گئی، تمام غیرملکی محفوظ ہیں۔‘
دوسری جانب ایس ایس پی ملیر طارق الہیٰ نے بتایا کہ تمام غیر ملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے، غیر ملکی شہری روزانہ یہاں سے گزرتے تھے، 3 حملہ آور تھے، جن میں 2 ہلاک ہوگئے اور ایک فرار ہوگیا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی جب کہ 2 سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔