نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد جائزہ کمیٹی کا اجلاس، چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات کا بغور جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان بھرمیں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی دینے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں پولیس کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر تفصیلی مشاورت اور غور و فکر کیا گیا۔
بعد ازاں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام انسپکٹر جنرلز نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی فراہم کی۔
اجلاس میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل مالاکنڈ کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اُن کا ایک مقامی ڈرائیور بھی شامل تھا۔
ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔