خیبر پختونخوا

پختونخوا؛ دریاؤں میں سیلابی صورتحال، مقامی لوگوں اور انتظامیہ کو الرٹ جاری


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبر پختونخوا کے دریاؤں میں سیلابی صورت حال اور مزید بارشوں کی وجہ سے خطرات بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر مقامی لوگوں اور انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ صوبے میں بارش 20 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔ گزشتہ کئی گھنٹوں میں پشاور میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
دریں اثنا قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختون خوا کے بیشتر دریاؤں میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور مزید بارش سے سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ اس حوالے سے مقامی لوگوں اور انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا ہے کہ دریاؤں کی قریبی آبادی کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔
دریں اثنا پی ڈی ایم اے کی جانب سے تیز بارشوں کے باعث صوبے میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق حادثات کے نتیجے میں اب تک 36 افرادجاں بحق جب کہ 46 زخمی ہوئے ہیں۔جاں بحق افراد میں 20 بچے 8 مرد اور 8 خواتین جب کہ زخمیوں میں 9 خواتین، 33 مرد اور 11 بچے شامل ہے ۔
مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2391 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 388 گھروں کو مکمل جب کہ 2003 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبے کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، ملاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اورکزئی میں رونما ہوئے ۔

متعلقہ خبریں