پہلا ٹی20؛ عماد کو پلئینگ الیون میں کیوں شامل نہیں کیا؟ سابق کرکٹرز کی تنقید


لاہور (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں آل راؤنڈر عماد وسیم کو باہر بیٹھانے پر سابق کرکٹرز نے کپتان بابراعظم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ گزشتہ راولپنڈی میں شیڈول پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر ہوا، جہاں محض دو گیندوں کا کھیل ممکن ہوسکا تھا، تاہم پلئینگ الیون میں عماد وسیم کے بجائے شاداب خان کو موقع دیئے جانے پر سابق کرکٹرز نے ٹیم مینجمنٹ اور کپتان پر تنقید کے نشتر چلائے۔
سابق کرکٹر اقبال قاسم نے کہا کہ شاداب خان کی جگہ عماد کو منتخب کیا جانا چاہیے تھا، اتنا شور مچا کر محمد عامر اور عماد وسیم کو ٹیم میں لایا گیا تو انہیں موقع دیں تاکہ اپنی فارم بحال کرسکیں۔
اسی طرح سابق کرکٹر و چیف سلیکٹر محسن خان نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عماد وسیم اور محمد عامر کو میگا ایونٹس سے قبل زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کرنا چاہیے۔
قبل ازیں گزشتہ روز سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی مینجمنٹ طنز کرتے ہوئے کہا کہ تھا عامر اور عماد وسیم کو جس طرح لایا گیا وہ غلط تھا کیونکہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے کرکٹرز کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔