وزیر خزانہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، پاکستانی معیشت کیلئے چینی تعاون کو سراہا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا کے شہر واشنگٹن میں چینی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستانی معیشت کے لیے چینی تعاون کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کا عزم کا اظہار کرتے ہوئےان پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس کےعلاوہ محمد اورنگزیب کی آئی ایف سی حکام سے بھی ملاقات ہوئی، اس دوران وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے توسیعی پروگرام سے آگاہ کیا، توانائی کے شعبے اور ٹیکس اصلاحات پر بھی بات چیت کی گئی، انہوں نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں تعاون پر آئی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ کا چینی میڈیا کو انٹرویو
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے اور اس حوالے سے اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے انٹرویو میں آئی ایم ایف سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ بات چیت کو مثبت قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور ساتھ دیا ہے جبکہ سی پیک چین کی طرف سے شاندار اور مثالی منصوبہ ہے۔
وزیرخزانہ کی عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر سے ملاقات
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی ورلڈ بینک کےعلاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو حتمی شکل دیے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت توانائی، ٹیکس اصلاحات اور ایس او سیز کے شعبوں میں مختصر اور طویل مدتی اہداف حاصل کررہی ہے، موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹلائزیشن، انسانی ترقی پر عالمی بینک کی توجہ حکومت کی ترجیحات سےہم آہنگ ہے۔
اس دوران انہوں نے اقتصادی ترقی کے حوالے سے ملک کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے حکومت کے وژن کو اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین کا زرعی شعبےمیں اصلاحات کی ضرورت، پانی کے انتظام اور گندے پانی کی صفائی پر اتفاق ہوگیا۔