پنجگور میں درجنوں بجلی کے کھمبے گر گئے، پی ٹی سی ایل سروس معطل، دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع


پنجگور(قدرت روزنامہ)حالیہ طوفانی بارشوں سے پنجگور کے مختلف علاقوں میں درجنوں بجلی کے کھمبے گر گئے۔ ایک ہفتے قبل پنجگور میں آندھی اور طوفانی بارشوں سے مختلف علاقوں میں درجنوں بجلی کے کھمبے گر گئے مگر ایک ہفتے گزرنے کے باوجود تاحال بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکا علاقے کے لوگوں نے اپیل کی ہے کہ بجلی کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب پنجگور میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے پی ٹی سی ایل کے لینڈ لائن فون ڈیڈ ہوگئے پرانے اور بوسیدہ زیر زمین کیبلز میں پانی جانے کی وجہ سے نیٹ سروس معطل ہوگیا ہے۔ پنجگور میں موبائل ڈیٹا گزشتہ ڈھائی سال سے بند ہے اور لوگ پی ٹی سی ایل کی نیٹ سروس پر انحصار کررہے ہیں مگر حالیہ بارشوں کی وجہ سے پی ٹی سی ایل کے نیٹ سروس بھی درہم برہم ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں اہلیان پنجگور بونستان دازی نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارش کے باعث دازی ندی کور کی وجہ سے دو دن سے بونستان دازی کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں بونستان اور چتکان کے ساتھ کٹ گیا تھا۔جس سے علاقے کے عوام اور خصوصا طالب علم اپنے سکولوں اور مریض علاج ومعالجہ کے حوالے سے انتہائی پریشان اور متاثر ہیں ۔ پچھلے دفعہ اسی بارانی موسم میں فوتگی کی وجہ سے میت کو دفنانے کیلئے زمینی رابطہ منقطع کی وجہ سے علاقے کے لوگ کافی پریشان تھے۔ پنجگور کے سابق صوبائی وزیر زراعت میر اسد اللہ بلوچ کی اسکیم سے یہی روڑ کا کام ہو رہا ہے لہذا پنجگور کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان سے گزارش ہے کہ علاقے کے عوام کی مجبوریوں اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور بونستان دازی میں ایک پل Bridge کی تعمیر اور بنانے کا انتظام اور فنڈنگ کیا جائے۔ تاکہ علاقے کے عوام اس پریشانی سے مذید بچ جائیں ۔