ضمنی الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرکے پنجاب پولیس نے انتہاکر دی: بیرسٹر سیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ضمنی الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرکے پنجاب پولیس نے انتہاکر دی، ہمارے کارکنوں پر جھوٹے مقدمے درج کیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آر اوز سے خالی کاغذات پر دستخط کرائے جارہےہیں ، نہ ماننے والے آر اوز کو پکڑ کر تشدد کیا جا رہا ہے، ضمنی الیکشن میں بڑا سرپرائز دینے کی کوشش کریں گے۔
اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ضمنی الیکشن میں بالکل اسی طرح نکلیں جس طرح 8 فروری کو ظلم کے خلاف نکلے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکلا پولنگ اسٹیشنوں سے ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک نتائج کی حفاظت کریں۔
واضح رہے کہ ملک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ آج ہوگی۔
قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی۔ قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختون خوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔