کراچی: نشئی شوہر کے ہاتھوں خاتون قتل
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں گھر میں جھگڑے کے دوران تشدد سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، تشدد میں ملوث مقتولہ کا شوہر نشے کا عادی ہے، جو موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش کا جاری ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 30 سال کی سعدیہ کے نام سے کی گئی ہے جس کا گزشتہ رات شوہر کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران سعدیہ کے شوہر نے اس کا گلا دبا کر قتل کیا اور فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ 2 بچوں کی ماں تھی، جس کا اپنے شوہر سے گزشتہ 4 روز سے جھگڑا چل رہا تھا۔ مقتولہ کا شوہر نشے کا عادی اور کئی ماہ سے بے روزگار تھا، جبکہ سعدیہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ماسی کا کام کرتی تھی۔