ڈی آئی خان؛ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2کسٹم اہلکار اور مخبر جاں بحق


پشاور(قدرت روزنامہ) ڈی آئی خان میں یارک ٹول پلازہ کے قریب رات گئے کسٹم اہلکاروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار اور مخبر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کسٹم اہلکار ناکے پر گاڑی میں بیٹھے تھے جہاں نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، پولیس نفری اور دیگر قانون نافذ کرنے والے موقع پر پہنچے۔
جاں بحق اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت انسپکٹر حسنین اور کانسٹیبل ضیاد جدون اور مخبرعامر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ یارک کی حدود میں کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل بھی درابن روڈ پر کسٹم انٹیلیجنس کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا تھا جس میں انسپیکٹر سمیت پانچ اہلکار شہید ہوئے تھے۔