کیا معدے کی سوزش صرف خوراک میں زہر کے باعث ہوتی ہے؟


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق نہایت تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ طبی معائنے میں بشریٰ بی بی کو زہریلا مواد ملا کھانا دیے جانے، ان کے نظامِ انہضام خصوصاً خوراک کی نالی اور معدے میں تیزاب کی زیادہ مقدار سے پیدا ہونے والے زخم واضح نمایاں ہیں۔
وی نیوز نے ماہر ڈاکٹرز اور میڈیکل ٹیسٹنگ لیب سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ معدے میں سوزش کی وجوہات کیا ہیں؟ کیا خوراک میں زہر کا تعین میڈیکل ٹیسٹ سے ممکن ہے؟ کیا پاکستان میں ایسی لیبارٹریز موجود ہیں جو میڈیکل ٹیسٹ سے زہر کا تعین کرسکتی ہیں؟
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے اسپتال پمز کے شعبہ گیسٹرو اینٹرولوجی سے وابستہ سینئر ڈاکٹر حیدر عباسی نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا خوراک میں زہر کا تعین میڈیکل ٹیسٹ سے کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ جو زہر خوارک میں شامل کیا گیا ہو وہ کھانے میں جذب ہو جائے۔
’اس صورت میں زہر خون میں شامل ہو جانے سے اثرات سامنے آنا شروع ہو جاتے ہیں، اگر خوراک میں تیزاب شامل کیا جائے تو وہ معدے کو جلا دیتا ہے لیکن خون میں شامل نہیں ہوتا، اس سے معدے یا خوراک کی نالی میں زخم ہو جاتے ہیں۔‘ ڈاکٹر حیدر عباسی کے مطابق پاکستان میں ہر قسم کے زہر کا تعین تو میڈیکل ٹیسٹ سے نہیں کیا جا سکتا البتہ جو معروف زہر ہیں ان کی ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں ہونا ممکن ہے، معدے کی سوزش کی سب سے عام وجہ کھانوں میں زیادہ تیل اور مرچ مصالحہ کا استعمال ہے، ادویات میں اسٹیرائیڈز کا استعمال بھی معدے کی سوزش کا باعث بن سکتا ہے، اس کے علاوہ ذہنی دباؤ بھی معدے کی سوزش کا باعث بن سکتا ہے۔
ڈاکٹر حیدر عباسی نے بتایا کہ سرکاری اسپتال میں ایسے بہت سے مریض آتے ہیں جنہوں نے تیزاب پی کر خودکشی کی کوشش کی ہوتی ہے۔ ’ایسے مریضوں کے معدے اور خوراک کی نالیوں میں بڑے السر بن جاتے ہیں اور ان کے لیے کھانا پینا مشکل ہو جاتا ہے، لیکن عام مریضوں کے معدے میں معمولی سوزش ہوتی ہے کیونکہ اب کھانے غذائیت والے نہیں رہے۔
امراضِ معدہ کے ماہر سینئر ڈاکٹر عمر حسن آفتاب نے وی نیوز کو بتایا کہ معدے کی سوزش کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں، مقامی لوگوں میں 99 فیصد مریضوں کے معدے میں سوزش ہوتی ہے لیکن کسی ایک کی وجہ خوراک میں تیزاب یا زہر کا استعمال نہیں ہوتا۔ ’مضر صحت کھانا کھانے، ورزش نہ کرنے اور زیادہ ٹینشن لینے سے معدے میں سوزش ہوسکتی ہے، زہر یا تیزاب خوراک میں شامل کرنے سے معدے میں سوزش کے علاوہ اور بھی بہت سی علامات ہیں۔‘
ڈاکٹر عمر کے مطابق پاکستان میں مختلف لیبارٹریز سے خوراک میں زہر کے استعمال ہونے کے ٹیسٹ ہو جاتے ہیں لیکن چونکہ زہر کی اقسام بہت زیادہ ہیں اس لیے ہر قسم کے زہر کے استعمال کی تشخیص ممکن نہیں۔ ’اگر خوراک میں تھوڑا تھوڑا زہر شامل کیا جائے جسے سلو پوائزنگ کہتے ہیں تو اس کا اثر معدے پر ہوتا ہے کیونکہ خوراک نے سب سے پہلے معدے پر ہی اثرانداز ہونا ہوتا ہے۔‘