سندھ میں تیل اور گیس کے مزید نئے ذخائر دریافت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سندھ میں تیل اور گیس کے مزید نئے ذخائر دریافت کرلیے گئے . ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے ملک میں تیل اور گیس کی نئی دریافت کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نئی دریافت سندھ کے علاقے ڈھرکی میں ہوئی ہے .


تیل و گیس کے نئے ذخائر کے حوالے سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ماڑی پیٹرولیم نے ماری فیلڈ کے کنویں شوال-1 سے تیل کے اہم ذخائر دریافت کیے ہیں . ابتدائی طور پر نئی دریافت سے یومیہ 25 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی اور یومیہ 1040 بیرل خام تیل حاصل ہو گا .
واضح رہے کہ شوال-1 پر کام کا آغاز 27 جنوری 2024 سے شروع کیا تھا . کنویں کو 1,136 میٹر کی گہرائی تک کامیابی سے کھودا گیا . ایم پی سی ایل کے ایم ڈی فہیم حیدر نے نئی دریافت کو کمپنی کے جیو سائنسدانوں اور انجینئرز کے لیے ایک قابل ذکر کامیابی قرار دیا ہے .
واضح رہےکہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی سندھ میں ماڑی غازج فارمیشن فیلڈ میں گیس کا کنواں دریافت ہوا تھا . اس کے علاوہ سجاول میں 12 لاکھ 40 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر گیس کا ذخیرہ ملا تھا . اس سے قبل فروری میں ضلع خیرپور میں دریافت ذخائر سے 14.3 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس یومیہ حاصل ہونے کا اعلان کیا گیا تھا .
فروری ہی میں بلوچستان کے ضلع کوہلو سے بھی گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے گئے تھے .

. .

متعلقہ خبریں