مجھ پر داؤد ابراہیم کیلئے پرفارم کرنے کے الزام لگائے گئے، ٹوئنکل کھنہ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی اداکارہ و مصنف اور بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن پر کئی بار داؤد ابراہیم کی پارٹیوں میں پرفارم کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئنکل کھنہ نے اپنے حالیہ کالم میں اُن تمام افواہوں کی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ وہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی دبئی میں ہونے والی پارٹیوں میں پرفارم کرتی ہیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے اپنے کالم میں کہا کہ میں نے مختلف اخبارات کے علاوہ ایک مین اسٹریم ٹیلی وژن چینل کے ٹِکر میں بھی اپنا نام دیکھا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ میں نے داؤد ابراہیم کی پارٹی میں پرفارم کرنے کے لیے مختلف گانوں پر مبنی ایک میلوڈی سانگ تیار کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس خبر میں یہ الزام بھی لگایا گیا تھا کہ میں نے نہ صرف گلوکاری کی بلکہ داؤد ابراہیم کی پارٹی میں ڈانس پرفارمنس بھی کی۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اس طرح کی خبریں چلانے والے چینلز اور اخبارات پر ہنسی آتی ہے، نیوز چینلز کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ داؤد ابراہیم اپنی پارٹیوں میں پرفارمنس کے لیے میرے بجائے کسی ماہر ڈانسر یا گلوکارہ کا انتخاب کریں گے لیکن افسوس یہ جعلی خبروں کی دنیا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2010 میں اکشے کمار نے بھی اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ پر داؤد ابراہیم سے متعلق لگنے والے ان تمام الزامات کی ترید کی تھی۔