عمران خان نے اداروں سے لڑنے سے منع کیا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور


پشاور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ملک بھر میں پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن کرنے کا اعلان کیا ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اداروں سے لڑنے سے منع کیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ وفاق سے ایک خط آیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری ہورہی ہے، وفاقی حکومت کو خط بھیجنے سے پہلے حکومت سے بات کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہاکہ وفاق نے صوبے کی جو رقم ادا کرنی ہے وہ بجلی کی مد میں بقایا جات سے کٹوتی کرلے لیکن یہاں کے لوگوں کو چور نہ کہا جائے کیونکہ ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اگر میں اپنے لوگوں کو حق نہیں دلوا سکتا تو مجھے کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔ ’پورے ملک میں جلسے کروں گا پھر دیکھوں گا مجھے کون روکتا ہے‘۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں باجوڑ کے عوام نے جو فیصلہ دیا وہ ہمیں قبول ہے، حکومت نے کوئی مداخلت نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ غیرقانونی حرکات ہم بھی کرسکتے ہیں لیکن ہم دو نمبر لوگ نہیں۔ لیکن جائز مطالبات ضرور سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جعلی کیسز میں قید میں ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ہمیں شدید تشویش ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس میں ان کے معدے میں زخم کے نشانات آئے ہیں۔ میڈیکل بورڈ بنایا جائے جو بشریٰ بی بی کا معائنہ کرے۔
بغیر مینڈیٹ کے بیٹھے لوگ ہمیں انتہائی اقدام پر مججبور نہ کریں
انہوں نے کہاکہ بغیر مینڈیٹ کے بیٹھے لوگ ہمیں انتہائی اقدام پر مججبور نہ کریں کیونکہ ہماری بھی ایک برداشت ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر بے نقاب ہوچکے ہیں، اس وقت سینیٹ کا ایوان خیبرپختونخوا کے بغیر ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستیں ہمیں واپس کی جائیں، ان پر اپوزیشن کا کوئی حق نہیں بنتا۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اگر میں نے 18ویں ترمیم کا اختیار شروع کیا تو ان کو لگ پتا جائےگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جتنے بھی لوگوں پر 9 مئی کی جھوٹی ایف آئی آرز ہیں ان کو ختم کرکے دکھاؤں گا۔