فرح خان نے بڑے ادکاروں کے مطالبات پر لب کشائی کردی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف ہدایتکارہ و کوریوگرافر فرح خان نے بتایا ہے کہ فلم انڈسٹری میں کچھ اداکاروں کی جانب سے بہت زیادہ مطالبات کیے جاتے ہیں اور ان کی جانب سے اپنے استعمال کیلئے 4 مختلف قسم کی وینٹی وین کی ڈیمانڈ کی جاتی ہے۔
فرح خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ بڑے سپر اسٹارز کی جانب سے کافی مطالبات کیے جاتے ہیں، کام شروع کرنے سے پہلے انہیں چار بڑی وینیٹی وینز کی ضرورت پڑتی ہے، جو وہ اپنے استعمال کیلئے منگواتے ہیں۔
بالی ووڈ کی ڈائریکٹر و کوریوگرافر نے پردے کے پیچھے بڑے اداکاروں کی ضروریات سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگی چیزوں کے ساتھ ان کے ذاتی استعمال اور عملے کیلئے متعدد وینز بھی شامل ہیں۔
فرح خان نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ جب تک وین نہیں آتی وہ لوگ کام شروع نہیں کرتے، آج کل ہر اداکار کیلئے تقریباً چار وین ہیں، جن میں سے ایک ان کے جم کیلئے ہے، ایک عملے کیلئے ایک اداکار کے اپنے لیے اس کے علاوہ ان کے کھانے کیلئے فوڈ ٹرک بھی آتا ہے یہ الگ ہے۔
شاہ رخ خان، دیپیکا پڈوکون، اکشے کمار، اور کترینہ کیف جیسی نامور شخصیات کی فلموں کی ہدایت کاری کرنے والی فرح خان بڑے سپر اسٹارز کی ضروریات سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے سیٹ پر موجود وینٹی وین میں لگژری اضافے سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ان گاڑیوں میں جم سے لیکر کچن تک موجود ہوتے ہیں جو کہ بہت بڑی تبدیلی ہوئی ہے، ورنہ پچھلے وقتوں میں اداکار کم سہولتوں کے ساتھ بھی کام کرتے تھے اور درختوں کے پیچھے اپنا حلیہ تبدیل کرتے تھے، آؤٹ ڈور شوٹ کے دوران پرائیویسی کےلیے تولیے یا بیڈ شیٹس کا استعمال کرتے تھے۔
فرح خان نے کہا کہ آج کل اداکار اس وقت تک کام شروع نہیں کرتے جب تک ان کیلئے گاڑیاں نہیں آجاتیں۔
خیال رہے کہ اداکاروں کیلئے لائی جانیوالی ان وینٹی وینز میں کافی سہولت موجود ہوتی ہے، اکشے کمار کی فلم بڑے میاں چھوٹے میاں کی شوٹنگ کے دوران بھی ان کیلئے وینٹی وین استعمال کی گئی جو مختلف قسم کے کھانے تیار کرنے کیلئے لائی گئی تھی، جبکہ ٹائیگر شروف نے بتایا تھا کہ ان کی وین کو جم میں تبدیل کردیا گیا تھا، تاکہ وقفے کے دوران وہ اپنی ٹریننگ کرسکیں۔