سندھ

غیر ملکی وفود کی آمد، شاہراہ فیصل سمیت کراچی کی مختلف شاہراہیں بند رہیں گی


کراچی(قدرت روزنامہ)ٹریفک پولیس نے غیر ملکی وفود کی آمد اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند اور متبادل راستوں کا اعلامیہ جاری کردیا۔ ترجمان کے مطابق کل بروز منگل 23 اپریل کو شاہراہ فیصل کے دونوں ٹریک ایئر پورٹ سے پی آئی ڈی سی تک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے ، شارع قائدین گرومندر سے شارع فیصل تک دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
اسی طرح ڈاکٹر ضیاالدین روڈ (ضیاالدین برج و للی برج) للی لائٹ سگنل سے جانب شاہین کمپلیکس کھجور چوک تک آنے اور جانے والے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوں گے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ گرومندر سے گارڈن چوک (اماں ٹاور) تک دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے مکمل بند رہیں گے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے اس موقع پر متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق وہ شہری جو ڈیفنس اور کلفٹن کی جانب سے ایئر پورٹ جانا چاہتے ہیں وہ ڈیفنس کلفٹن سے براستہ قیوم آباد برج (امتیاز اسٹور) سے ہوتے ہوئے کورنگی صنعتی ایریا بروکس چورنگی ، سنگر چورنگی ، مرتضیٰ چورنگی اور داؤد چورنگی سے بائیں جانب مڑتے ہوئے قائد آباد سے پھر بائیں جانب مڑتے ہوئے مین نیشنل ہائی وے سے ملیر ہالٹ ، مادام اپارٹمنٹ سے ہوتے ہوئے جناح ٹرمینل ایئر پورٹ جا سکتے ہیں۔
اسی طرح وہ تمام مسافر جو آئی آئی چندریگر روڈ ، ٹاور اور کیماڑی ویسٹ سے ایئر پورٹ جانا چاہتے ہیں وہ براستہ ماڑی پور روڈ اور لیاری ایکسپریس وے کو استعمال کرتے ہوئے سہراب گوٹھ سے ہوتے ہوئے براستہ سپرہائی وے ملیر کینٹ چھ نمبر چیک پوسٹ و ماڈل کالونی قبرستان سے ہوتے ہوئے ایئر پورٹ جا سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق وہ مسافر جو ایئر پورٹ سے سینٹرل ، ویسٹ اور صدر جانا چاہتے ہیں وہ جناح آؤٹ سگنل سے بائیں جانب مڑتے ہوئے ماڈل کالونی قبرستان سے بائیں جانب اور پھر بائیں جانب مڑتے ہوئے جناح ایونیو گیٹ نمبر چھ سے براستہ صفورہ چورنگی اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جناح اسپتال کارڈیو اور این آئی سی وی ڈی جانے والے شہری ڈیفنس ، قیوم آباد فلائی اوور ، کورنگی صنعتی ایریا اور چوہدری خلیق الزماں روڈ سے للی لائٹ سگنل اور کینٹ اسٹیشن سے ہوتے ہوئے جناح اسپتال جا سکتے ہیں۔ اسی طرح کورنگی سے آنے والے شہری کورنگی روڈ ، کالا پل سے بائیں جانب مڑتے ہوئے نیوی ہائٹس ، مزار سے ہوتے ہوئے جناح اسپتال و کینٹ اسٹیشن جا سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے اعلامیےکے مطابق گرومندر سے نمائش جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگا لہذا بزنس ریکارڈر روڈ جانب لسبیلہ چوک سے بائیں جانب مڑتے ہوئے نشتر روڈ سے البیلہ سگنل ،لولین (مزار سگنل) سے رامسوامی سے بائیں جانب مڑتے ہوئے سول اسپتال و ٹاور جا سکتے ہیں۔
اسی طرح وہ شہری جو جامع کلاتھ سے نمائش جانا چاہتے ہیں وہ متبادل راستوں عیدگاہ چوک سے گارڈن چوک (گل پلازہ) سے بائیں جانب مڑتے ہوئے آغا خان سوم روڈ (مکی مسجد) اور چڑیا گھر سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک جا سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور مزید رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔