پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا، مجھ سے کسی نے ڈیل کی بات کی نہ کوئی پیغام آیا، عمران خان


لاہور (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں پولیس نے مداخلت کی، پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا ہے۔ ملک کا موجودہ سیٹ اپ پاکستان کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ مجھ سے ڈیل کی نہ کسی نے کوئی بات کی نہ کوئی پیغام آیا، سوال یہ ہے کہ وہ مجھ سے کس بات پر ڈیل کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی الیکشن ہوئے، پولیس نے کہیں کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی اور نہ ہی دھاندلی ہوئی۔ ملک میں کوئی جمہوریت نہیں یہ 8 فروری سے ڈرے ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت قانون کی بالادستی اور فری اینڈ فیئر الیکشن پر کھڑی ہوتی ہے۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے، اکتوبر سے فروری تک انتخابات صرف پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے ملتوی کیے گئے۔ سپریم کورٹ میں بھی ہماری پٹیشن اس لیے نہیں سنی گئی کہ وہ بھی پی ٹی آئی کے کرش ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔ پی ٹی آئی کا نام و نشان ختم کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں اخلاقیات کو ختم کرکے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا۔ پنجاب کا الیکشن پہلے سے پلان تھا اور ضمنی انتخابات میں پہلے ہی ڈبے بھرے ہوئے تھے۔ ملک میں ادارے آئینی طور پر نہیں چل رہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کریں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی یہاں پیسہ اس لیے نہیں لگاتا کہ اس کو کوئی تحفظ نہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مستحکم حکومت کے لیے جمہوریت ضروری ہے جو صرف شفاف انتخابات کے ذریعے ممکن ہے، 8 فروری کو جب پبلک ایک طرف کھڑی ہو گئی تو وہ وقت تھا بات کرنے کا۔ ملک کی عوام ایک طرف کھڑے ہو جائیں تو کیا اس سے کوئی جیت سکتا ہے، عدلیہ سے لوگوں کا اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میری بیوی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اسے سزا دلوا کر ایک کمرے میں بند کر دیا گیا ہے۔ میری تینوں بہنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ مریم نواز اور بے نظیر سیاست میں تھیں، میری اہلیہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات اچھے تھے، اسی لیے ہمارے دور میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس ہوئی تھی۔