کوئٹہ میں پانی کی قلت پر اجلاس، مانگی ڈیم منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، تفصیلات کے مطابق محکمہ پی ایچ ای حکام نے مانگی ڈیم منصوبے سے متعلق وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مانگی ڈیم منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا، بریفنگ میںبتایا گیا کہ کوئٹہ میںیومیہ 24لاکھ گیلن پانی کی قلت کا سامنا ہے ، مانگی ڈیم کی تکمیل سے کوئٹہ کو یومیہ 8.1لاکھ گیلن پانی میسر آ سکے گا، مانگی ڈیم منصوبے کی سیکورٹی کیلئے ایف سی کی خدمات حاصل ہیں،
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ منصوبے پر مزید کوئی تاخیر قابل برداشت نہیں، عوامی مشکلات کا احساس کریں ، حیلے بہانے نہیں چلیں گے ، سست روی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو گھر بھیج دیں گے ،
مانگی ڈیم منصوبہ مقررہ مدت پر ہر حال میں مکمل کیا جائے ، سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ کیسکو سے بجلی خریداری کا انحصار بتدریج ختم کیا جائے،علاوہ ازیں سولر ائزیشن کے لیے وزیر پی ایچ ای کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔