کس سیاسی جماعت کو کتنی پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی؟ فارمولہ طے پاگیا


حکومتی اتحاد کو 26 اور اپوزیشن جماعتوں کو 11 کمیٹیوں کی سربراہی دینے کی تجویز
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے پارلیمانی جماعتوں کے عددی تناسب سے فارمولا تشکیل دے دیا۔ اسی فارمولے کے تحت حکومت اور اپوزیشن میں کمیٹیوں کی تقیسم ہوگی۔ فارمولے کے مطابق حکومتی اتحاد کو 26 اور اپوزیشن جماعتوں کو 11 کمیٹیوں کی سربراہی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
فارمولے کے تحت قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی اور ہاؤس بزنس مشاورتی کمیٹی کے سربراہ اسپیکر خود ہوں گے، پارلیمانی کشمیرکمیٹی کی سربراہی حکمران جماعت کو ملے گی جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اپوزیشن سے ہوں گے۔
قومی اسمبلی کی ہاؤس کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی اسپیکرہوں گے۔ ہر کمیٹی میں حکمران اتحاد کے اراکین کی اکثریت ہوگی۔
فارمولے کے تحت 14 کمیٹیوں کی سربراہی ن لیگ کو ملنے کا امکان ہے جبکہ 8 کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی اور 8 ایم کیوایم کو دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کو ایک ایک کمیٹی کی سربراہی دینے کی تجویز ہے۔ حتمی فارمولا آج سپیکرکی زیر صدارت اجلاس میں طے ہو گا۔