آرمی چیف پوری طرح ہمیں سپورٹ کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف


ایبٹ آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سید عاصم منیر، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پولیس کی معاونت کے شکرگزار ہیں۔ آرمی چیف پوری طرح ہمیں سپورٹ کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف شہید کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کی رہائشگاہ ایبٹ آباد پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی، اور علی ترمذی کے اہلخانہ سے فاتحہ خوانی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حسنین علی ترمذی نے فرائض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا، شہید سید حسنین علی ترمذی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے اسمگلروں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، حسنین علی ترمذی پوری قوم کا ہیرو ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلرز کا مکمل طورپر خاتمہ یقینی بنائیں گے، اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحد ہیں، اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جب تک اس کا خاتمہ نہیں ہوگا ہماری معیشت مضبوط نہیں ہوگی۔ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
’ان واقعات میں 8 افراد شہید ہوئے، ایسے واقعات کی مکمل طورپر بیخ کنی کی جائے گی، اسمگلرز ہمارے مشترکہ دشمن ہیں ان کے خلاف ہمیں اپنی کمر کسنی ہوگی، آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اسمگلنگ کا خاتمہ کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جو پیکج شہدا کا پنجاب میں بنایا ہے وہی خیبرپختونخوا کو دیا ہے، شہید کے بچوں کو فی الفور ایک کروڑ روپے دیں گے، ایک کروڑ 35لاکھ روپے کا گھر بنا کردیں گے، ان کے بچوں کی تعلیم اور علاج فری ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے متحرک ہیں، اسمگلنگ کا خاتمہ مکمل طور پر یقینی بنائیں گے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اسمگلنگ کا خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت، وزیراعلیٰ اور آئی جی کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کا بھی شکر گزار ہوں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پوری طرح ہمیں سپورٹ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کا خاتمہ نہیں ہوگا تو معیشت مضبوط نہیں ہوگی، اسمگلنگ کا خاتمہ اتنا ضروری ہے جتنا معیشت کو دوبارہ زندہ کرنا، اسمگلنگ کا خاتمہ کرکے عوام کے اربوں روپے بچائیں گے۔