دوران پرواز پائلٹ نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو پروپوز کردیا، مسافر حیران رہ گئے


وارسا(قدرت روزنامہ) پولینڈ میں ایک پائلٹ نے پرواز کے دوران اپنی ساتھی فلائٹ اٹینڈنٹ کو پروپوز کردیا جس سے مسافر بھی حیران رہ گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپٹن کانریڈ ہینک نے پرواز کے دوران مائیکروفون سنبھالا اور مسافروں سے مخاطب ہوا۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنی ساتھی فلائٹ اٹینڈنٹ پولا زین سے پیار کرتا ہے۔ ڈیڑھ سالہ رفاقت کے بعد اب وہ پولا کو پروپوز کرنا چاہتا ہے۔ پھر کانریڈ ہینک نے گلدستہ نکالا اور مسافروں کے ساتھ پولا کو پروپوز کیا۔
یہ منظر سب کے لیے انتہائی خوش گوار اور حیران کن تھا۔ سب نے کانریڈ اور پولا کو مبارک باد دی اور اُن کے بہتر ازواجی مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کانریڈ ہینک اور پولا زین کا تعلق پولینڈ کی ایئر لائن ایل او ٹی سے ہے۔کانریڈ نے بتایا کہ ڈیڑھ سال قبل اُس کی ملاقات پولا زین سے ہوئی تب سے اب تک اُس کی زندگی میں بہت کچھ بدل گیا ہے۔ وہ پولا کے ساتھ بھرپور زندگی گزارنا چاہتا ہے۔ اُن نے امید ظاہر کی کہ پولا سے اس کی محبت نصف صدی پر محیط ہوگی۔