ٹی20 ورلڈکپ سے قبل پاکستان کی مڈل آرڈر کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کی سی ٹیم کیخلاف مسلسل دوسری شکست نے پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن پر سوالیہ نشان لگادیا۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں محض 39 روز باقی رہ گئے ہیں لیکن گرین شرٹس ہوم گراؤنڈ پر کیویز کی سی ٹیم کا مقابلہ بھی نہیں کرسکے، گزشتہ روز لاہور میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20 میں نیوزی لینڈ نے شکست دیکر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
سیریز سے قبل کیویز کو ہلکا لینے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر سوالیہ نشان ہے، کپتان بابراعظم آؤٹ فارم ہیں جبکہ اوپننگ کیلئے رضوان اور بابر اپنی پوزیشنز چھوڑنے کو تیار نہیں۔ اسی طرح مڈل آرڈر میں افتخار احمد بھی پرفارم نہیں کرپا رہے۔
ی20 کرکٹ میں پاکستان کی مڈل اوورز میں اسکورنگ کی شرح تشویش کا باعث ہے، قومی ٹیم محض افغانستان سے بہتر رن ریٹ کیساتھ مختصر ترین فارمیٹ میں رنز اسکور کررہی ہے۔
مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں تیز ترین 3000 رنز مکمل کرنے والے 2 کھلاڑیوں محمد رضوان اور بابراعظم کی پلئینگ الیون میں ہونے کے باوجود گرین شرٹس جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔
قومی ٹیم کا مڈل آرڈر ٹی20 کرکٹ میں 7-15 اوورز کے درمیان محض 7.30 رنز سے اسکور کررہا ہے جو صرف افغانستان سے بہتر ہے۔
آسٹریلیا 9.75 کے اسکور ریٹ کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ 9.35 کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 7-15 اوورز میں 8.97 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کے پاس مڈل اور لوئر مڈل آرڈر میں محمد رضوان، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم کے وسیع آپشنز موجود ہیں۔
7-15 اوورز میں اسکورنگ کی شرح
9.75 — آسٹریلیا
9.35 — جنوبی افریقہ
8.97 — بھارت
8.56 — ویسٹ انڈیز
8.22 – سری لنکا
8.20 – انگلینڈ
8.07 — نیوزی لینڈ
7.46 — آئرلینڈ
7.36 — بنگلہ دیش
7.30 — پاکستان
7.01 — افغانستان