پی ٹی آئی کے زیراہتمام عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں ریلیاں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیراہتمام بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام، خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں نکالی گئی ریلی کی قیادت اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، ملک عامر ڈوگر، عامر مسعود مغل، ایڈووکیٹ علی بخاری کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں نکالی گئی ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہیں، جبکہ شرکا عمران خان کی رہائی کے لیے نعرے بازی کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور میں ممبر صوبائی اسمبلی شیر علی آفریدی کی نگرانی میں حلقہ پی کے 77 میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
شاہدرہ لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنما یاسر گیلانی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ہے جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے جمعہ 26 اپریل سے تحریک کا آغاز کریں گے۔