کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے گزشتہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں 1.6 بلین ڈالر کا نقصان ہوا عالمی برادری نے بحالی سرگرمیوں کے لئے 2.6 بلین ڈالر کا وعدہ کیا تاہم عالمی کمٹمنٹ پوری نہیں ہوئی
یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق چاروں صوبوں کے وزیر اعلٰی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی اجلاس میں بلوچستان سے مشیر ماحولیات نسیم الرحمان، وزیر اعلٰی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون اور سیکرٹری انوائرمنٹ ندیم خان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مشاورتی کمیٹی کے قیام سے متعلق وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسی اور فیصلہ سازی کے لیے صوبوں کی مشاورت ضروری ہے تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی اتفاق رائے سے قومی پالیسی اور گائیڈ لائن تشکیل دی جاسکے
اس کے ساتھ ساتھ مجوزہ فیس اسٹریکچر صوبوں کی ضروریات کی بیناد پر طے کیا جائے تاکہ یہ تمام صوبوں کے لئے قابل قبول ہو میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی مشاورت سے طے کردہ گائیڈ لائن پر گامزن رہنے کے لئے پرعزم ہے